اسلام آباد: خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما اور سکھ برادری کے ممتاز اسکالر ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے آپریشن سندور کے حقائق منظر عام پر لانے والی پاکستانی کتاب "The War That Changed Everything” کی بھرپور حمایت کی ہے۔ یہ کتاب 11 اگست کو شائع ہوئی، جس کے مصنفین تحقیقی صحافی احمد حسن العرابی اور مرتضیٰ سولنگی ہیں۔
ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام واقعہ اور دیگر اہم شواہد پر مبنی یہ کتاب بھارتی جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرے گی۔ ان کے مطابق بھارت نے اپریل میں پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کر کے پاکستان پر جنگ کا بہانہ بنایا، تاہم چار روزہ جنگ میں بھارتی فوجی وقار اور سفارتی ساکھ خاک میں مل گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا مسلسل جھوٹ پر مبنی بیانیہ دہرا رہے ہیں، جبکہ بھارت نے اس واقعے کو چھپانے کے لیے 35 ممالک میں ایڈہاک ڈیلیگیشن بھیجے۔ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان کا عسکری اور سفارتی رتبہ اس واقعے کے بعد عالمی سطح پر مزید بلند ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 مارچ کو چٹھی سنگھ پورہ میں 35 سکھوں کا قتل عام بھارتی ایجنسیوں کا منصوبہ تھا، اور پلوامہ واقعے میں بھی اسی حکمتِ عملی کو دہرایا گیا۔ پہلگام کا واقعہ پاکستان کے لیے بھارت کو سبق سکھانے کا تاریخی لمحہ ثابت ہوا۔
ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی بریفنگز کے حقائق اب کتابی صورت میں دنیا کے سامنے لائے جا رہے ہیں اور اس کی اشاعت کے بعد حقائق عالمی سطح پر آشکار ہوں گے۔
کتاب کی کھل کر حمایت اور بھارتی بیانیے کو چیلنج کرنے پر بھارت میں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے جبکہ بھارتی میڈیا ڈاکٹر امرجیت سنگھ کے بیان کو متنازع قرار دینے میں مصروف ہے۔ عالمی سکھ برادری میں بھی اس بیان پر بھرپور ردعمل سامنے آیا ہے اور مودی سرکار شدید دباؤ کا شکار ہے۔




