لاہور: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی بار ڈرون سرویلنس کے ذریعے بھٹوں کی نگرانی کا ایک جدید نظام متعارف کرایا ہے، جو ماحولیاتی آلودگی کو قابو پانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق، موٹروے کے اطراف 112 بھٹوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 77 بھٹوں سے سفید دھواں خارج ہو رہا تھا، جبکہ 34 بھٹے نان فنکشنل (بند) پائے گئے، اور صرف ایک بھٹے سے کالا دھواں نکل رہا تھا۔ ای پی اے فورس کی جانب سے ان بھٹوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، اور زیرو پالیوشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
نیا ڈرون سرویلنس سسٹم نہ صرف نگرانی کو مؤثر بناتا ہے بلکہ بھٹوں کی ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے فوراً ردعمل دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اگر کوئی شخص موٹروے پر سفر کے دوران کسی بھٹے سے کالا دھواں دیکھے، تو وہ فوری طور پر 1373 پر اطلاع دے سکتا ہے، جس پر ای پی اے فورس فوراً کارروائی کرے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھٹہ مالکان اور ای پی اے فورس کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جدید طریقہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی یہ کوششیں مزید مؤثر ثابت ہوں گی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوں گی۔




