پاکستان
Trending

اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمینِ حج کے لیے خصوصی انتظامات: وزیر داخلہ محسن نقوی کا ’روڈ ٹو مکہ‘ کاؤنٹرز کا معائنہ

 

اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا تاکہ حج سیزن کے دوران عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معیار یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کے عمل میں تیزی لانے اور مسافروں کی آسانی کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات کا خود جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام کے تحت قائم سعودی کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، جہاں عازمین کی پری امیگریشن کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے مسافروں کے انتظار کا وقت کم سے کم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ پاک سعودی دوستی اور عازمین کی سہولت کا عکاس ہے۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے وہاں موجود عازمینِ حج اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ مسافروں نے امیگریشن کے عمل میں آسانی اور ایئرپورٹ پر کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ عازمین کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ کی سہولت سے جدہ یا مدینہ پہنچنے کے بعد ان کا کافی وقت بچ جائے گا، جس پر وہ حکومت کے شکر گزار ہیں۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن عملے کو واضح کیا کہ وہ عازمین کے ساتھ حسنِ سلوک اور مدد کے جذبے کے تحت کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمینِ حج کی سہولت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے رش کو مینیج کرنے کے لیے تمام کاؤنٹرز کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button