لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے متنازعہ رویے پر دیر سے ردعمل دینے کے الزام میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عثمان واہلہ نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والی صورتحال پر آئی سی سی کو خط بھیجنے میں تاخیر کی، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیا اور ان کے خلاف کارروائی کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی عزت اور وقار ان کے لیے سب سے اہم ہے، اور وہ میچ ریفری کے خلاف سخت موقف پر قائم ہیں۔
پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ایم سی سی قوانین اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، جس سے کھیل کے اصولوں کو نقصان پہنچا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگر میچ ریفری کو فوری طور پر ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے باقی میچز میں حصہ نہیں لے گی۔




