اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے "اڑان پاکستان سمر اسکالرز” پروگرام میں منتخب ہونے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہی کے ہاتھوں پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو نہ صرف حکومتی امور کا مشاہدہ کرنے بلکہ پالیسی سازی، نظم و نسق اور عوامی خدمت کا عملی تجربہ حاصل ہو رہا ہے، جو نہ صرف ان کے پیشہ ورانہ سفر بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے
وزیراعظم نے کہا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو ملک سنگین معاشی بحران میں مبتلا تھا، عالمی سطح پر پاکستان کو دیوالیہ قرار دیے جانے کا خدشہ تھا، مگر ٹیم ورک اور بروقت فیصلوں سے حالات پر قابو پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سے بدعنوان عناصر کو فارغ کیا گیا، اور اب سرکاری نظام میں کارکردگی ہی اصل پہچان ہے۔
"جو عوام کی خدمت کرے گا وہی ہمارا فخر ہوگا، صرف عہدہ رکھنے والے کو میں نہیں جانتا۔”
شہباز شریف نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں قومی ترقی کا حصہ بنانا چاہتی ہے، اور ایسے مواقع مہیا کیے جا رہے ہیں جہاں وہ ریاستی اداروں کو سمجھ سکیں اور ان میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اڑان پاکستان” جیسے پروگرام نوجوان نسل کو فیصلہ سازی، گورننس، اور ذمہ دارانہ قیادت کے لیے تیار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔




