اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان نے بھارت کی ایما پر پاکستان پر حملہ کیا، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ حملے کے بعد افغان حکومت نے سیز فائر کی درخواست کی ہے اور اب معاملہ افغان حکومت کے فیصلے پر منحصر ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور پاکستان نے متعدد مواقع پر افغان حکومت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کے متعدد دورے بھی شامل ہیں، لیکن بدقسمتی سے افغان حکومت نے محاذ آرائی کا راستہ اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ جائز شرائط پر مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں امن قائم ہو۔
وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے واضح موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔
انہوں نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو قسط کی منظوری پر بھی شکرگزاری کا اظہار کیا۔




