لاہور: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آج پنجاب یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں ان کا طلبا، طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں سے مکالمہ کیا اور ان کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
اس موقع پر طلبہ نے مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے نوجوان نسل ہر میدان میں فوج کے ساتھ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی طلبہ کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، جن کے اعتماد اور کردار سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس دورے کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی ملاقاتیں طلبہ کو نہ صرف حوصلہ دیتی ہیں بلکہ قومی اداروں کے ساتھ تعلق کو مضبوط بھی کرتی ہیں۔




