پاکستان
Trending

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ ہمارے دروازے تک پہنچ گئی، 28 ویں ترمیم فوری لائی جائے: ایم کیو ایم پاکستان کا مطالبہ

 

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے علاقائی صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ملک میں فوری طور پر 28 ویں آئینی ترمیم لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات اب پاکستان کی دہلیز تک پہنچ چکے ہیں، جس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے داخلی استحکام ناگزیر ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے عالمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اب دور نہیں رہی بلکہ ہمارے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ کسی کو اندازہ نہیں کہ اس جنگ کے خطے پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، تاہم یہ صورتحال پاکستان کے لیے انتہائی حساس ہے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی باتیں ہو رہی ہیں، جو معاشی اور سماجی طور پر تشویشناک امر ہے۔
ایم کیو ایم کی قیادت نے آئینی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہم اپنے حصے کا اختیار براہِ راست عوام کو دینا چاہتے ہیں، جس کے لیے 28 ویں ترمیم کا لایا جانا ضروری ہے۔ پاکستان میں جاگیردارانہ سوچ رکھنے والی جماعتیں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی سخت مخالف ہیں کیونکہ وہ عوامی بالادستی سے خوفزدہ ہیں۔جب تک یونین کونسل کی سطح تک اختیارات منتقل نہیں ہوں گے، حقیقی جمہوریت کا خواب ادھورا رہے گا۔
ایم کیو ایم نے موجودہ کٹھن حالات میں واضح کیا کہ وہ ریاست اور حکومت کی تمام مثبت کاوشوں میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات چھوڑ کر ملک کو درپیش عالمی اور داخلی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو جائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button