دبئی:ایشیا کپ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو سخت مؤقف کے ساتھ خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستانی میچز سے ہٹا دیا جائے، ورنہ پاکستان ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کر دے گی۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف کی گئی انکوائری کو محض رسمی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس انکوائری میں تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ نہیں لیا گیا اور متعلقہ افراد سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جب تک اس کی تشویشات دور نہیں کی جاتیں اور اس کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ میچ کھیلنے کے لیے رضامند نہیں ہوگا۔
پاکستان کے اس سخت موقف کے بعد آئی سی سی کے پاس اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستانی میچز سے ہٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔




