راولپنڈی :بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سکیورٹی فورسز نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں تمام 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں ہونے والی متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کوہلو میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کا عزم غیر متزلزل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔




