پاکستانکھیل

محسن نقوی کی سعودی وزیر کھیل سے ملاقات، کھیلوں کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات چیت

ریاض: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں میں مثبت سرگرمیوں کی شمولیت، اور دونوں ممالک کے کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر کھیل کو ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، اور فیفا ورلڈ کپ 2034  اور ایشین گیمز 2034  کی میزبانی کے حصول پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی ترقی کر رہا ہے اور اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے کھیلوں میں تعاون کے عملی منصوبے تیار کریں گے۔ ان منصوبوں میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں اور جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس کے انعقاد جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔ ان اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں کے درمیان کھیلوں کے میدان میں ایک مضبوط دوستی اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ "پاکستان اور سعودی عرب کرکٹ کو دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا پل بنائیں گے، اور نوجوانوں کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی یہ نئی راہیں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی اور ایک نئی اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کو جنم دیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button