قومی اسمبلی نے قومی اقلیتی ڈے اور عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے دو اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلیں۔
قومی اقلیتی ڈے سے متعلق قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا نے پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی گیارہ اگست کی تاریخی تقریر، جس میں اقلیتوں کے حقوق کا ذکر کیا گیا تھا، اسے تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔ قرارداد کے متن کے مطابق قائداعظم کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کو برابر کا شہری تسلیم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور انہیں عبادت گاہوں میں آنے جانے اور اپنی عبادات کی ادائیگی کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے۔
ایوان نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر بھی متفقہ قرارداد منظور کی، جو پیر فضل شاہ جیلانی نے پیش کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ جشن عید میلاد النبیؐ کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے اور اس موقع پر وفاق اور صوبائی سطح پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔
پارلیمانی حلقوں میں ان قراردادوں کو قومی یکجہتی، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
0 8 1 minute read




