راولپنڈی:سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی کو چھپانے کے لیے ایک نیا جعلی انکاؤنٹر منصوبہ ’آپریشن مہادیو‘ شروع کر رکھا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بھارتی فورسز غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے پاکستانی شہریوں کو جعلی مقابلوں میں ہلاک کر کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’آپریشن مہادیو‘ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانا اور بھارت کی اندرونی سیاسی ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔ 24 اپریل کو آزاد جموں و کشمیر کے دو شہریوں، محمد فاروق اور محمد دین، کو سرحد عبور کرنے کے الزام میں جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا تھا۔
بھارتی جیلوں میں 723 پاکستانی شہری غیر قانونی قید میں ہیں جبکہ 56 پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی تحویل میں جبراً رکھے گئے ہیں۔ جعلی انکاؤنٹرز کے بعد بھارتی میڈیا کو من گھڑت تصاویر اور ویڈیوز فراہم کی جاتی ہیں تاکہ انہیں دہشتگرد ظاہر کیا جا سکے اور جھوٹے اعترافات کروائے جا سکیں۔




