واشنگٹن: ہونڈا کی نئی 2026 سِوک ہائبرڈ کو بہترین فیول ایوریج اور طاقتور کارکردگی کے باعث توجہ حاصل ہے، تاہم زیادہ قیمت اور پچھلی نشستوں پر محدود سہولیات اس کی بڑی خامیوں میں شامل ہیں۔
آٹو ماہرین کے مطابق 2026 ہونڈا سِوک ہائبرڈ میں 2.0 لیٹر انجن اور دو موٹرز پر مشتمل ہائبرڈ سسٹم نصب ہے، جو مجموعی طور پر 200 ہارس پاور پیدا کرتا ہے۔ گاڑی کی مجموعی فیول ایوریج 49 ایم پی جی ہے، جبکہ شہر میں یہ 50 اور ہائی وے پر 47 ایم پی جی فراہم کرتی ہے۔
جائزے کے مطابق گاڑی کی چار نمایاں خوبیوں میں غیر معمولی ایندھن بچت، تیز رفتار اور آرام دہ ڈرائیونگ، جدید گوگل بلٹ اِن انفوٹینمنٹ سسٹم اور ڈرائیونگ کے مختلف موڈز شامل ہیں۔ اس میں گوگل میپس، گوگل اسسٹنٹ، جیمنی اے آئی اور وائرلیس ایپل کار پلے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
تاہم گاڑی کے کچھ پہلو تنقید کی زد میں بھی آئے ہیں۔ پچھلی نشستوں پر اے سی وینٹس اور چارجنگ پورٹس کی عدم موجودگی، بیرونی ڈیزائن میں سادگی، اندرونی حصے میں پیانو بلیک پلاسٹک کا زیادہ استعمال اور نسبتاً سخت سواری کو نمایاں خامیاں قرار دیا گیا ہے۔
قیمت کے لحاظ سے بھی ہونڈا سِوک ہائبرڈ اپنے حریفوں سے مہنگی ہے۔ اس کے بنیادی ماڈل کی قیمت 30 ہزار 690 ڈالر جبکہ ٹاپ ماڈل اسپورٹ ٹورنگ ہائبرڈ کی قیمت 34 ہزار 145 ڈالر ہے۔ اس کے مقابلے میں ٹویوٹا کرولا ہائبرڈ اور ہنڈائی ایلینٹرا ہائبرڈ کی ابتدائی قیمت تقریباً 4 ہزار ڈالر کم ہے۔
ماہرین کے مطابق ہونڈا سِوک ہائبرڈ طاقت، رفتار اور ایندھن کی بچت کا اچھا امتزاج پیش کرتی ہے، تاہم زیادہ قیمت اور مسافروں کے لیے محدود سہولیات کے باعث خریداروں کو اس کے متبادل ماڈلز کا جائزہ بھی لینا چاہیے۔




