لاہور: بسنت کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس نے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں گریٹر اقبال پارک میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور مریم خان اور چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران موٹر سائیکل سواروں میں حفاظتی انٹینا تقسیم کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر کہا کہ بسنت کے دوران حادثات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بغیر حفاظتی انٹینا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ بسنت کو محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکے۔




