اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ اسلام آباد سے لے کر خیبرپختونخوا تک دہشت گرد اپنا سر اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا اور پاکستان نے پہلے بھی دہشت گردوں کو شکست دی ہے اور آئندہ بھی دے گا۔
آئینی امور پر بلاول بھٹو نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو کوئی ختم نہیں کر سکتا اور 26 ویں ترمیم باہمی مشاورت سے منظور ہوئی۔ انہوں نے 27 ویں ترمیم پر کہا کہ پارٹی مناسب شرائط پر تعاون کے لیے تیار ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے صوبوں کے اختیارات اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ٹیکس جمع کرنے کا اختیار صوبوں کو دیا جائے تو پارٹی ہدف پورا کر کے دکھائے گی۔
انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ دنیا بھر میں افواج کی تعریف کی جا رہی ہے، جبکہ بھارتی حکومت کو شکست دی گئی۔ ججز کے ٹرانسفر کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن فیصلے کرے گا اور اب کسی جج کو زبردستی ریٹائر نہیں کیا جائے گا۔




