اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں اہم ترامیم متفقہ طور پر منظور کر لیں۔ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔
اعلامیہ کے مطابق ترامیم کمیٹی کی سفارشات پر کی گئی ہیں۔ کمیٹی کے اراکین جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی نے رولز 1980 کا جائزہ لینے کے بعد رولز 2025 میں اصلاحات کی تجاویز مرتب کیں۔
فل کورٹ نے رولز میں کی گئی اپ ڈیٹس کو عدالتی نظام کی بہتری اور عوام کو جلد و سستا انصاف فراہم کرنے کے مقصد کے تحت اہم قرار دیا۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ محمد منیر پراچہ کو سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے طور پر بھی نامزد کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ رولز 2025 اب باضابطہ طور پر اپ ڈیٹ کر دیے گئے ہیں اور اس کے نفاذ سے عدالتی کارروائیوں میں آسانی متوقع ہے۔




