کراچی: نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کی ہلاکت کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 متعلقہ افسران کو معطل کردیا ہے۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیش کیے گئے حقائق کے مطابق کھلے مین ہول کے معاملے میں متعلقہ محکموں کی واضح غفلت سامنے آئی، جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔
مراد علی شاہ نے اجلاس میں اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایک معصوم بچے کی جان گنوانا ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے اپنی اپنی غفلت تسلیم کی جائے، کیونکہ کوتاہی چاہے جس کی ہو، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ معطل افسران کے خلاف آج ہی مزید محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا جائے، تاکہ اس نوعیت کی غفلت آئندہ نہ ہو۔




