لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے آئمہ کرام کے لیے ”وزیراعلیٰ اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“ جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں فروری 2026 تک کارڈ کے اجراء کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یکم جنوری سے آئمہ کرام کو پہلی بار پے آرڈر کے ذریعے اعزازیہ دیا جائے گا جبکہ یکم فروری سے یہ ادائیگیاں کارڈ کے ذریعے ہوں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر سے 62,994 آئمہ کرام کے رجسٹریشن فارم موصول ہو چکے ہیں اور تصدیق کا عمل جاری ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک و قوم کے مفادات کے خلاف یا مالی و اخلاقی جرائم میں ملوث امام مساجد کا اعزازیہ فوری طور پر بند کر دیا جائے۔ صوبے بھر میں مسجد اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہر ماہ آئمہ کرام کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے حساس علاقوں میں کومبینگ آپریشنز، سیف سٹی کیمروں کے تحفظ، فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی نگرانی اور غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے بھی ہدایات دی ہیں۔




