ریاستی اداروں کے خلاف جاری مبینہ منفی مہم اور عوام کو سول نافرمانی کی جانب مائل کرنے کے معاملے پر پاک فوج نے اپنے مؤقف کو ایک بار پھر واضح کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جن میں ریاستی نظم و نسق کے خلاف اقدامات کی ترغیب اور قومی اداروں کی ساکھ کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں کو ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے مضر قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج ایک مضبوط اور منظم ادارہ ہے جو آئین کی پاسداری اور ریاست کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے کو سنجیدگی سے دیکھا جاتا ہے اور ایسے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریاں بدستور قومی مفاد کے مطابق ادا کرتی رہے گی اور ملک کے امن و استحکام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔




