لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں بارشوں کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ آج رات سے 7 اکتوبر تک مختلف اضلاع میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، خاص طور پر شمالی اور وسطی پنجاب میں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائیں صوبے کے شمالی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کا امکان زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاط کریں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔




