کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں آج کاروبار کا سیاہ ترین دن رہا، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ اس قدر شدید تھا کہ انڈیکس کی تیزی سے گرتی ہوئی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے عارضی طور پر کاروبار روکنا پڑا۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار نظر آئی۔ اعداد و شمار کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 6 ہزار 189 پوائنٹس کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی۔
مارکیٹ نے ایک ہی روز میں 7 اہم نفسیاتی حدیں گنوا دیں، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ہلا کر رکھ دیا۔ جمعہ کے روز 1 لاکھ 73 ہزار 169 پوائنٹس پر بند ہونے والی مارکیٹ آج 1 لاکھ 66 ہزار 980 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔
انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد کی اچانک گراوٹ کے باعث ریگولیٹری قوانین کے تحت مارکیٹ میں ‘ٹریڈنگ ہالٹ’ نافذ کیا گیا۔ کچھ دیر کے لیے ٹریڈنگ روکی گئی تاکہ ہیجان کی کیفیت پر قابو پایا جا سکے، تاہم مارکیٹ دوبارہ کھلنے پر بھی ریکوری نہ کر سکی۔




