اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری اس سلسلے کی ایک نمایاں مثال ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اقتدار سنبھالتے وقت قوم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ریاستی اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، اور پی آئی اے کی کامیاب نجکاری اس عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولی کا عمل شفاف اور اعتماد کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں شامل تمام اداروں اور حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے۔




