ڈھاکہ :بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مصافحہ کیا اور خوشگوار گفتگو کے دوران مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔
نمازِ جنازہ پارلیمنٹ کمپلیکس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، مقامی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ملاقات اس وقت ہوئی جب دونوں ممالک کے وفود خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کر رہے تھے۔
رواں سال مئی میں پاک بھارت تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب اعلیٰ سطح کے رہنما ایک دوسرے کے سامنے آئے۔ سفارتی ماہرین کے مطابق یہ غیر رسمی ملاقات تعلقات میں چھوٹے مگر مثبت قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔




