مری :آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مسلم لیگ ن کی مشاورت جاری ہے، جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کا حتمی فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کی منظوری سے متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے شاہ غلام قادر، چوہدری طارق فاروق اور کرنل (ر) وقار نور کے نام زیرِ غور ہیں۔ مری میں نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سمیت اہم عہدوں پر مشاورت کی گئی۔ مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کو موصول ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ پارلیمانی پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ قائد ایوان اور دیگر اہم عہدوں کے انتخاب کا عمل آئندہ ہفتے مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔




