اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے مقدمے میں عادل راجہ، وجاہت سعید، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ فیصلہ 9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد جاری کیا گیا۔
اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عادل راجہ، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا دی گئی۔ عدالت نے دیگر دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی عائد کی۔
عدالت میں بتایا گیا کہ تمام ملزمان کے خلاف ٹرائل ان کی غیر موجودگی میں مکمل کیا گیا، جس دوران پراسیکیوشن کی جانب سے 24 گواہان پیش کیے گئے۔ مقدمے کی پیروی پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی نے کی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو سزا سنائی گئی، جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو مجرم قرار دیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ کو ملزمان کا سرکاری وکیل مقرر کیا تھا، جنہوں نے عدالت میں دفاع پیش کیا۔




