کراچی: رینجرز سندھ کے ٹریننگ سینٹر میں بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شرکت کی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے یہ جوان آج اپنی زندگی میں ایک اہم سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔ انہوں نے رینجرز سندھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں رینجرز نے پاک فوج کے ساتھ مل کر سرحدوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا اور دشمن کے مقاصد ناکام بنائے۔
محسن نقوی نے رینجرز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کراچی میں حالات بہتر ہوئے ہیں، تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو استحکام ملا ہے، اور رینجرز نے دہشت گردی اور بدامنی کے بروقت تدارک کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔




