کراچی :سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پالیسی ریٹ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی بینک کے اس اقدام کا مقصد معاشی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھنا اور مالیاتی پالیسی میں استحکام لانا ہے۔
شرحِ سود 10.5 فیصد پر برقرار رہے گی۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے مہنگائی کے اعداد و شمار اور زرِمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔
شرحِ سود نہ بڑھنے سے انڈسٹری پر قرضوں کا بوجھ نہیں بڑھے گا، جو کہ پیداواری عمل کے لیے خوش آئند ہے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ وہ معاشی اشاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مستقبل کے فیصلے مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔




