کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کے معاشی تحفظ اور عمارت کی فوری بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سانحہ گل پلازہ کے اصل ذمہ داروں کو سزا دلوانا حکومت کی ترجیح ہے۔
کورنگی کاز وے پل کی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متاثرین کے لیے درج ذیل اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومتِ سندھ ہر متاثرہ دکاندار کو اپنا کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے کا قرض فراہم کرے گی ۔ تاجروں کو صرف اصل رقم واپس کرنا ہوگی، جبکہ قرض پر لگنے والا تمام سود سندھ حکومت ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ دکانداروں کے اشتراک سے پلازہ کی مرمت اور بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے گا تاکہ دو ماہ کے اندر دکانیں تاجروں کے حوالے کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس سانحے کے بعد اب کراچی کی ہر چھوٹی بڑی عمارت کا سیفٹی آڈٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گل پلازہ واقعے کے بعد دیگر صوبوں نے بھی حفاظتی کمیٹیاں تشکیل دے کر کراچی کے ماڈل کو فالو کرنا شروع کر دیا ہے۔
کراچی کے انفراسٹرکچر پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا شاہراہِ بھٹوکو عید تک ہر صورت عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ کورنگی کاز وے پل کا افتتاح کراچی کے ٹریفک مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔




