پاکستان

عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی مکمل سہولیات، اڈیالہ جیل انتظامیہ

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے متعلق جیل میں سہولیات کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بی کلاس کی تمام سہولیات قانون و ضابطے کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو جو سہولیات دستیاب ہیں، وہ کسی بھی دوسرے قیدی کے پاس نہیں ہیں۔ انہیں سات سیلز پر مشتمل ایک علیحدہ کمپلیکس میں رکھا گیا ہے، جس میں کھلا صحن، ایکسرسائز بائیک، ایل ای ڈی، اخبارات اور ان کی ذاتی پسند کی کتابیں موجود ہیں۔

خصوصی سہولیات اور ملاقاتیں
جیل حکام نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے قیدی باورچی بھی مقرر کیا گیا ہے، جو ان کے ذوق کے مطابق کھانا تیار کرتا ہے۔ یہ سہولت عام طور پر دیگر بی کلاس قیدیوں کو میسر نہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے اب تک 413 مرتبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر پیغامات جاری کروائے۔ ان کے بیانات 145 مرتبہ قومی میڈیا پر شہ سرخیاں بنے۔ وہ 10 بین الاقوامی میڈیا اداروں سے رابطے میں رہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران ان سے 66 افراد کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں

طبی معائنہ اور سیکیورٹی
جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا روزانہ تین مرتبہ معائنہ کیا جاتا ہے اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان کی صحت مکمل طور پر تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔ ان کی سیکیورٹی اور بنیادی حقوق کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔

سہولیات سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار
جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو سہولیات نہ دیے جانے سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ الزامات صرف سنسنی پھیلانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیگر قیدیوں کی نسبت زیادہ مراعات حاصل ہیں اور ہر سہولت قانونی دائرے کے اندر فراہم کی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button