اسلام آباد: حکومت نے یکم فروری سے ایندھن کی نئی قیمتوں کے حوالے سے ابتدائی تجاویز تیار کر لی ہیں، تاکہ عوام پر اضافی بوجھ سے بچا جا سکے۔ اوگرا 31 جنوری کو سمری وزارتِ خزانہ کو بھیجے گا، جس کے بعد حتمی قیمتیں وزیراعظم کی منظوری کے بعد جاری ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں محض 36 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور زراعت کے لیے اہم ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ممکنہ طور پر فی لیٹر 9.47 روپے اضافہ ہو سکتا ہے۔ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 3.69 اور 6.95 روپے فی لیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
نئی قیمتیں یکم فروری سے 15 فروری تک نافذ العمل رہیں گی۔ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو کم سے کم رکھا جائے۔




