کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کر کے امیگریشن کے پورے نظام کو مانیٹر کیا۔ وزیر داخلہ نے کاؤنٹرز پر موجود مسافروں سے ملاقات کی اور واضح کیا کہ حکومت قانونی طریقے سے سفر کرنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر پراسیسنگ کے وقت کا جائزہ لیا اور مسافروں سے براہِ راست سوال کیا کہ "کیا آپ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا تو نہیں؟۔
محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں پالیسی واضح کی کہ درست دستاویزات رکھنے والے کسی بھی شہری کو سفر سے نہیں روکا جائے گا، لیکن نامکمل یا غیر تصدیق شدہ کاغذات پر زیرو ٹالرنس (Zero Tolerance) کی پالیسی برقرار رہے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جانچ پڑتال کے عمل کو تیز بنایا جائے تاکہ شفافیت کے ساتھ ساتھ مسافروں کے وقت کی بچت بھی ہو سکے۔
وزیر داخلہ کے اس اچانک دورے کا مقصد ایئرپورٹ پر مسافروں کے رش کو کم کرنا اور امیگریشن کے عمل میں موجود خامیوں کو دور کرنا تھا۔




