لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاک بھارت ٹاکرے پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے کی امید پیدا ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کو میچ پر آمادہ کرنے کے لیے آج لاہور پہنچ رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان نے عالمی کرکٹ میں ہلچل مچا دی ہے۔ اسی تناظر میں آئی سی سی کا وفد ڈپٹی چیئرمین کی سربراہی میں آج شام 4 بجے لاہور پہنچے گا، جہاں پی سی بی حکام کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور پاکستان کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (BCB) کے چیئرمین امین الاسلام بھی اس اہم مشن کا حصہ بننے کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ امین الاسلام اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی۔
اس ملاقات میں نہ صرف پاک بھارت میچ بلکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے مجموعی ڈھانچے اور ایشیائی کرکٹ کے مفادات پر بھی بات چیت ہوگی۔
آئی سی سی حکام اور بی سی بی صدر کا یہ دورہ انتہائی مختصر مگر اہم ہے۔ دونوں وفود اجلاس کے فوری بعد آج ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔ کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ اس ملاقات کے نتیجے میں پاک بھارت میچ سے متعلق کوئی حتمی ‘بریک تھرو’ سامنے آ سکتا ہے۔




