راجن پور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راجن پور اور کچے کے علاقوں کو جرائم پیشہ عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنے کا تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پنجاب کا ہر کونا محفوظ ہے اور کچے میں ریاست کی رٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ڈاکوؤں نے کچے میں ریاست کے اندر اپنی ریاست اور خوف کی سلطنت قائم کر رکھی تھی، جسے اب جڑ سے اکھاڑ پھینکا گیا ہے۔ کچا جو کبھی خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا، اب قانون کی عملداری کا علاقہ بن چکا ہے۔
ریاست کی طاقت کے سامنے 500 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر سرنڈر کر دیا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے لیے اب کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ پنجاب میں اب مجرموں کے لیے چھپنے کی کوئی جگہ باقی نہیں ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب کچے میں کسی کو "نو گو ایریا” بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کچے کے عوام کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کچے کے علاقے بھی دوسرے بڑے شہروں کی طرح ترقی یافتہ ہوں۔کچے میں سکول، ہسپتال اور دیگر ترقیاتی منصوبے ہنگامی بنیادوں پر شروع کیے جائیں گے۔ ان علاقوں کے عوام کے لیے بس سروس اور مواصلات کے دیگر ذرائع بھی فراہم کیے جائیں گے




