رحیم یار خان : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سیاسی حریفوں پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں سہولتیں مانگنے والے کبھی انقلابی نہیں ہو سکتے۔ رحیم یار خان میں جیالوں کے لہو کو گرماتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ریاستِ مدینہ کے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے، وہ آج جیل میں دودھ اور آنکھ کے درد کی شکایات کر رہے ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ ایک لیڈر نے محض ڈیڑھ سال میں ہی واویلا شروع کر دیا ہے، جبکہ میں نے ساڑھے 14 سال جیل کاٹی اور کبھی ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ "جیلیں عبادت گاہیں ہوتی ہیں، وہاں روزے رکھیں اور توبہ کریں، یہ چیخیں مارنے کا وقت نہیں”۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی بڑھکیں صرف میڈیا کے لیے ہیں، یہ قربانی نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے پاس عوامی طاقت اور حقیقی حوصلہ نہیں ہے۔قربانی دینا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ میں نے جیلیں اپنے زور پر نہیں بلکہ اپنے عوام کے بھروسے پر کاٹی ہیں۔




