کولمبو : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا معرکہ آج روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان لڑا جائے گا۔ دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کی نظریں کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم پر جم گئی ہیں، جہاں آج شام ساڑھے 6 بجے کرکٹ کا سب سے ہائی وولٹیج ٹاکرا شروع ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔ کولمبو کی پچ پر ٹاس جیتنے والی ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہونے کا امکان ہے۔
پاکستانی شاہینوں کی بولنگ اور بھارتی سورماؤں کی بیٹنگ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ماہرینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ یہ میچ محض تکنیک کا نہیں بلکہ اعصاب کا امتحان ہے۔ دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز بھرپور مشقیں کیں اور اپنی فیلڈنگ و فٹنس پر خصوصی توجہ دی ہے۔ کولمبو کے تمام ہوٹلز اور اسٹیڈیم کے ٹکٹس پہلے ہی "ہاؤس فل” قرار دیے جا چکے ہیں۔
دنیا کے کونے کونے میں اس میچ کا بخار چڑھ چکا ہے۔ لاہور سے دہلی اور لندن سے نیویارک تک، کرکٹ فینز نے بڑی اسکرینوں کا اہتمام کر رکھا ہے اور اپنی اپنی ٹیموں کی کامیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔




