کولمبو : ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن پاش پاش ہو گئی اور پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو کر شائقینِ کرکٹ کی امیدوں پر پانی پھیر گئی۔پ
ریماداسا سٹیڈیم میں میچ کے آغاز سے ہی ماحول کشیدہ رہا۔ ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے روایتی مصافحہ تک نہ کیا، جس نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کرکٹ تنازع کی شدت کو واضح کر دیا۔ سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو بالآخر ٹیم کے لیے غلط ثابت ہوا۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 175 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ایشان کشن کی برق رفتاری: ابھیشیک شرما کے پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن نے چارج سنبھالا اور 40 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب بولنگ میں چمکے اور 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور سلمان آغا صرف ایک ایک وکٹ لے سکے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا کوئی بھی بڑا بلے باز دباؤ برداشت نہ کر سکا۔بابر اور سلمان آغا کا فلاپ شو: اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 5 رنز بنا سکے جبکہ کپتان سلمان آغا 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ صاحبزادہ فرحان بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔
صرف محمد عثمان نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں مشکل سے داخل ہو سکا۔ پوری ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔




