اسلام آباد: پاکستان نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کا سخت جواب دیتے ہوئے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے 7 ٹھکانوں کو فضائی کارروائی میں کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق، یہ آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا جس کا مقصد پاکستان دشمن عناصر کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنا تھا۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات کے مطابق، پاکستان کے پاس اس بات کے ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گرد قیادت نے کی۔ ان حملوں کی ذمہ داری افغان طالبان سے منسلک گروہوں، فتنہ الخوارج اور ان کے اتحادیوں نے قبول کی تھی۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، لیکن کابل انتظامیہ مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان نے دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ
پاکستانی عوام کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پاکستان اپنا دفاع کرنے کا مکمل حق رکھتا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ طالبان حکومت کو دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر آمادہ کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
0 11 1 minute read




