لاہور : پنجاب حکومت نے دفعہ 144 کے نفاذ کو مزید سات دن کے لیے بڑھا دیا ہے، جس کے تحت صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا ممنوع ہے، اور ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش بھی سختی سے منع ہے۔ مزید برآں، لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے محدود رہے گا، جبکہ دیگر مواقع پر پابندی ہوگی۔
اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم، دفعہ 144 کی پابندیاں شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر لاگو نہیں ہوں گی۔
محکمہ داخلہ نے جمعہ 24 اکتوبر تک دفعہ 144 کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور غیر قانونی اجتماعات کی روک تھام ہے۔




