اسلام آباد / راولپنڈی: پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف پاک فوج کا فیصلہ کن معرکہ ’آپریشن غضب للحق‘ پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سرحد پار دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر کاری ضرب لگاتے ہوئے قندھار میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اہم ترین عسکری ڈھانچے کو نیست و نابود کر دیا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے کی گئی حالیہ فضائی کارروائی میں قندھار کے تزویراتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ افغان طالبان کے زیرِ استعمال ’205 کور‘ کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ یہ مرکز پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا کام کر رہا تھا۔
کارروائی میں دہشت گردوں کے اسلحہ اور بارود کے بڑے ذخیرے (Ammunition Depot) کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے علاقے میں زوردار دھماکے ہوئے اور دشمن کی جنگی صلاحیت مفلوج ہو کر رہ گئی۔اس آپریشن کا بنیادی ہدف فتنہ الخوارج کے وہ ٹھکانے ہیں جہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جاتی تھی۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ان عناصر کے لیے واضح پیغام ہے جو افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان طاقتور حملوں کے نتیجے میں افغان طالبان کے کئی اہم کمانڈرز اور جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ان کی ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔




