اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے ایران اور خلیجی ممالک کے خلاف اسرائیل کی حالیہ فوجی کارروائیوں کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا نے تمام فریقین سے فوری طور پر دشمنی ختم کرنے اور انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ تمام اختلافات کو بندوق کے بجائے سفارت کاری اور بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
دونوں وزرائے اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مزید کشیدگی عالمی معیشت اور امن و امان کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا عالمی برادری کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔




