اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے خلیجی ممالک کو وافر مقدار میں اشیائے خورونوش برآمد کرنے کی حکمتِ عملی منظور کر لی ہے۔وزیراعظم کی زیرِ صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں ملکی غذائی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور یہ واضح کیا گیا کہ پاکستان کے پاس برآمدات کے لیے گوشت، ڈیری اور زرعی مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ برآمد کی جانے والی اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور انہیں بین الاقوامی معیارات کے مطابق رکھا جائے۔خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور کمرشل اتاشیوں کو ہدف دیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹوں کی تلاش کو تیز کریں۔ پی این ایس سی (PNSC) کو بحری راستوں کے ذریعے مال کی بروقت اور محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے متحرک رہنے کا حکم دیا گیا۔
ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ملکی اسٹاک اور برآمدی عمل کی نگرانی کرے گی تاکہ ملکی ضرورت پر کوئی آنچ نہ آئے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا زرعی اور لائیوسٹاک سیکٹر ملک کی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان وسائل کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے۔




