چترال: پاک افغان سرحد پر دفاعِ وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے پاک فوج نے ‘آپریشن غضب للحق’ کے تحت ایک انتہائی کامیاب اور ٹارگیٹڈ کارروائی کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چترال سیکٹر میں افغان طالبان کی اہم عسکری تنصیب ‘بادانی پوسٹ’ کو مکمل طور پر نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج نے جدید کواڈ کاپٹرز کے ذریعے سرحد پار دشمن کی نقل و حرکت کی نگرانی کی اور انتہائی درست نشانے لگائے۔بھاری ہتھیاروں اور آرٹلری کے بے دریغ استعمال سے دشمن کی پوسٹ کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا۔
یہ کارروائی افغان حدود سے ہونے والی مسلسل اشتعال انگیزی اور پاکستانی حدود میں مداخلت کی کوششوں کے جواب میں کی گئی۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ‘آپریشن غضب للحق’ کا مقصد ملکی سالمیت کو چیلنج کرنے والے عناصر کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب انتہائی سختی سے دیا جائے گا۔




