کراچی:کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن، ملیر میں ایک انتہائی اہم اور کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) کے بدنامِ زمانہ کمانڈر سہیل بلوچ عرف گرک کو اس کے 3 ساتھیوں سمیت جہنم واصل کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق، 17 فروری کو ہونے والے اس مقابلے میں ہلاک ہونے والا سہیل بلوچ دہشت گردی کے نیٹ ورک کا مرکزی ستون سمجھا جاتا تھا۔ اس کی ہلاکت کے حوالے سے درج ذیل لرزہ خیز حقائق سامنے آئے ہیں۔ ہلاک دہشت گرد 50 سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور متعدد حملوں میں براہِ راست ملوث تھا۔
تحقیقات کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملے کے لیے 5 خودکش بمباروں کی کھیپ اسی سہیل بلوچ نے تیار کر کے بھیجی تھی۔ سہیل بلوچ کا تعلق "فتنہ الہندوستان” سے تھا اور وہ ملک دشمن ایجنڈے کے تحت تخریب کاری کی سرگرمیوں میں پیش پیش تھا۔ دہشت گرد سڑکوں پر غیر قانونی ناکے لگا کر شہریوں کو لوٹنے اور اغوا کرنے جیسی وارداتوں میں بھی ملوث رہا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ سہیل بلوچ عرف گرک کی ہلاکت کالعدم تنظیم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اس آپریشن کے ذریعے کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مزید نیٹ ورکس کی تلاش جاری ہے۔




