راولپنڈی : پاک فوج نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی اور شرپسندی کے خلاف جاری آپریشن ‘غضب للحق’ کے تحت ایک کاری ضرب لگاتے ہوئے دشمن کے اہم عسکری ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں شمالی وزیرستان اور خیبر سیکٹر کے محاذ پر دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو نشانِ عبرت بنا دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کے جری جوانوں نے جدید ترین ہتھیاروں اور درست ترین انٹیلیجنس کی بنیاد پر درج ذیل اہداف کو نشانہ بنایا۔ شمالی وزیرستان کے سامنے سرحد پار واقع افغان طالبان کی سٹریٹجک اہمیت کی حامل ‘جھنڈا پوسٹ’ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ یہ پوسٹ دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کا ایک بڑا مرکز تھی۔
خیبر سیکٹر میں کارروائی: خیبر سیکٹر سے ملحقہ سرحد پر واقع افغان طالبان کی متعدد فوجی پوسٹوں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کا دفاعی نیٹ ورک بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ان تمام عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے جو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی یا دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
پاک فوج اپنے دفاعی حق کو استعمال کرتے ہوئے ان تمام ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں تیار کی جاتی ہیں۔




