اسلام آباد:وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے بڑی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی رابطے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور بہت جلد فریقین دوبارہ میز پر بیٹھیں گے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ "مذاکرات کے حوالے سے فی الحال صرف مثبت باتیں ہی سامنے آ رہی ہیں جو کہ خطے کے امن کے لیے ایک نیک شگون ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ پسِ پردہ ہونے والی بات چیت کے نتائج اطمینان بخش ہیں۔
خواجہ آصف کی گفتگو سے یہ تاثر ابھرا ہے کہ پاکستان اس وقت دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیرِ دفاع کے مطابق، پاکستان کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ مسائل کا حل جنگ کے بجائے مذاکرات سے نکالا جائے اور موجودہ صورتحال اسی وژن کی عکاسی کر رہی ہے۔




