اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں حکام نے پیٹرول اور ڈیزل کے موجودہ سٹاک کو ملکی ضروریات کے لیے مکمل طور پر تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (NCMC) روزانہ کی بنیاد پر سپلائی چین کی نگرانی کر رہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایندھن کی دستیابی میں ذرہ برابر بھی تعطل نہیں آنا چاہیے، جبکہ وزارت پیٹرولیم نے تصدیق کی کہ مئی 2026 کے تیسرے ہفتے تک سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
اسحاق ڈار نے سپلائی چین برقرار رکھنے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، طارق باجوہ، سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین اوگرا بھی شریک تھے، جہاں فیصلہ کیا گیا کہ ذخائر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔




