بنوں:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پاک فوج، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مادرِ وطن کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کے تحت ایک مربوط اور کٹھن انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے، 2 اہم ترین خارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ فائرنگ کے شدید اور دوطرفہ تبادلے کے دوران فرنٹ لائن پر بہادری سے لڑتے ہوئے پولیس کے 2 جانباز اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بنوں کے علاقے میریان میں خطرناک خوارج کی موجودگی کی پختہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ گھیراؤ کیا۔ آپریشن کے دوران محصور دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی شدید مدافعت پر فورسز نے انتہائی مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں خوارج کے کئی خفیہ ٹھکانے اور پناہ گاہیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
ہلاک خوارج میں علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جانے والا مقامی خارجی سرغنہ ‘زمری نور’ اور سنگین ترین کارروائیوں میں مطلوب افغان خارجی سرغنہ ‘عبداللہ سعید’ بھی شامل ہیں، جن کی ہلاکت کو سیکیورٹی ادارے ایک بڑا بریک تھرو قرار دے رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل وحید اللہ اور کانسٹیبل نور اللہ خان کی نمازِ جنازہ بنوں پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ہے۔ شہداء کے جنازوں کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے روایتی سلامی پیش کی، جس کے بعد انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ عسکری حکام، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران سمیت سینیئر انتظامی حکام نے شرکت کی اور وطن کی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ خطے سے خوارج کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی مستقل بحالی تک کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔




