بیجنگ : وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے صنعتی مرکز ہانگژو کا اپنا اہم تجارتی دورہ مکمل کر کے بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر چین کے وزیر برائے ماحولیات ہوانگ رون چیو نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
ہانگژو میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم نے تیسری پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی قیادت کی، جس میں پاکستان کے توانائی اور صحت کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بیٹری اسٹوریج، سولر ٹیکنالوجی اور ادویات سازی پر بریک تھرو مذاکرات کیے گئے۔ وزیراعظم نے چین کی صفِ اول کی کمپنیوں ‘سی اے ٹی ایل’، ‘اسٹار چارج’ اور ‘ژیوزینگ فارماسیوٹیکل’ کے اعلیٰ حکام کو پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی باقاعدہ دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر اب وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کا اگلا اور اہم ترین مرحلہ شروع ہو رہا ہے، جہاں وہ چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں سی پیک فیز ٹو کے تحت نئے معاشی کوریڈورز کی تعمیر اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر حتمی بات چیت کریں گے۔




