منیٰ :وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے منیٰ کی خیمہ بستی کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی حجاج کرام کے لیے قائم کیمپس میں انتظامات کی خود تفتيش کی۔ وزیرِ داخلہ نے عازمین کو فراہم کی جانے والی رہائش اور کھانے پینے کے معیار کا موقع پر معائنہ کیا اور حج مشن کے ذمہ داران کو پوزیشن واضح رکھنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ نے خیموں میں موجود بزرگ حجاج کرام کے پاس جا کر ان سے تفصیلی ملاقاتیں کیں اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے بزرگ حجاج سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل اور گلے شکوے سنے اور پوچھا کہ انہیں یہاں کسی قسم کی دقت کا سامنا تو نہیں کرنا پڑ رہا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا حجاج سے گفتگو میں کہنا تھا کہ "پاکستانی عازمینِ حج ہمارے مہمان ہیں اور ہمارے لیے ہر حاجی وی آئی پی کا درجہ رکھتا ہے۔ حجاج کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے عملہ ۲۴ گھنٹے موقع پر الرٹ رہے گا، اس کام میں کسی بھی سطح پر غفلت یا لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
پاکستانی حجاج نے وزیرِ داخلہ کو اپنے درمیان پا کر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ عازمین کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کی طرف سے منیٰ میں انتظامات کی خود نگرانی کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے حج عملے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔




